مشکل وقت میں محتاجوں اور مسکینوں کی مدد کیجئے



مشکل وقت میں  محتاجوں اور مسکینوں کی مدد کیجئے

مشکل وقت میں  محتاجوں اور مسکینوں کی مدد کیجئے

✍جلیس احمد نذیری

کرونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچادی ہے, سیکنڑوں افراد گھروں تک محصور ہوگئے ہیں, دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹ گرتی چلی جارہی ہے۔ وائرس سے اب تک دس لاکھ سے زائد افراد متاثر اور ایک لاکھ سے زائد ہلاک ہوچکے ہیں, جہاں دنیا بھر میں ہر چیز اس وائرس کی وجہ سے متاثر ہورہی ہے, وہیں پر ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو محنت مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالتا ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں یہ طبقہ سب سے زیادہ اس وقت متاثر ہے, چونکہ اس وائرس کی وجہ حکومتیں اقدامات کے طور پر ہر ممکن کوششیں کررہی ہیں تاکہ اس جان لیوا وائرس کو کنٹرول کیا جاسکے۔

چین، ایران، اٹلی، سعودیہ،ہندوستان سمیت دنیا کے دیگر کئی ممالک میں اس وقت مکمل لاک ڈاؤن اور کاروبار مکمل بند ہے, جس سے روزمرہ کمانے والے افراد سخت متاثر ہورہے ہیں, لیکن ترقی یافتہ ممالک میں روزمرہ کمانے والوں کا اگر کاروبار بند کر بھی دیا جائے تو حکومتیں ان کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہیں, اور ان کو اشیاء خوردونوش فراہم کرتی ہیں۔

ہندوستان میں بھی اس وقت کاروبار بند ہونے سے دیہاڑی مزدور پریشان حال ہیں, جہاں امیر لوگ تعطیلات کو انجوائے کررہے ہیں، اشیاء خوردونوش کا ذخیرہ کر کے اپنے گھروں میں جمع کر رہے ہیں، وہیں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جس کو ان حالات میں بھی اپنے بچوں کی فکر ہے، اور وہ پریشان ہے کہ کس طرح اپنے بچوں کا پیٹ پالے، کس طرح ان کو کھانا کھلائے۔

ایسے افراد جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنی رحمت سے نوازاہے، اُنہیں یہ سوچنا پڑے گا کہ جہاں وہ 3 ماہ تک کی اشیاء خوردونوش جمع کررہے ہیں، اور ان کی بے دھڑک خریداری کررہے ہیں  کیاوہ ٹھیک ہے؟ کس کو معلوم ہے کہ اس کی زندگی کتنی باقی رہ گئی ہے؟ کچھ احساس غریب لوگوں کا بھی کرلیں جو شام کو کچھ پیسے کما کر لاتے ہیں اور جب خریداری کرنے مارکیٹ جاتے ہیں تو انہیں کچھ نہیں ملتا اور وہ خالی ہاتھ لوٹ آتے ہیں۔

ہمارا دین تو ایک دوسرے کے ساتھ بھائی چارگی، محبت اور احسان کا درس دیتا ہے، لیکن افسوس کہ ہم یہ کیا کررہے ہیں، ہمارے درمیان کچھ ایسے لوگ بھی ہونگے جن کے پاس ایک وقت کی روٹی کھانے کیلئے بھی پیسے نہیں ہونگے، خدارا گزارش کرتا ہوں کہ ایسے لوگوں کی مدد کریں، کیا پتہ ہمارے رب کو ہماری کونسی ادا پسند آجائے اور دنیا کے ساتھ ہماری آخرت بھی سنور جائے۔

   20 شعبان المعظم1441ھ
15  اپریـل 2020  بــروز بــدھ

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے