اعتکاف :فضائل و مسائل



اعتکاف: فضائل و مسائل





از قلم :محمد شاہدقاسمی  (کرماخان )سنت کبیر نگر فاضل دارالعلوم دیوبند
بسم اللہ الرحمن الرحیم
اعتکاف عکف سے مشتق ہے جس کے معنی ہیں جمے رہنے اور ڈٹے رہنے کے ,
کیون کہ معتکف شخص  اپنے پروردگار کے سامنے اس کے در کو پکڑ کر بیٹھا رہتا ہے جب تک معاف نہ ہوجائے ہٹنے کا نام نہیں لیتا .

اعتکاف کی فضیلت 

اعتکاف کی سب سے بڑی فضیلت یہ ہے کہ حکم ملنے کے بعد سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کبھی بہی اعتکاف کو نہیں چھوڑا ہے ۔بلکہ آخر سال میں تو آپ نے بیس روز کا اعتکاف کیا ہے.
ایک حدیث کے اندر نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کی جو شخص اللہ کی خوشنودی کے لئے ایک دن کا اعتکاف کرتا ہے اللہ اس کے اور جہنم کے درمیان تین بڑی خندق  حاٸل فرمادیتے ہیں جو پوری دنیا سے چوڑی ہوتی ہیں.

من اعتکف یوما  ابتغاءوجہ اللہ جعل اللہ بینہ وبین النارثلاث خنادق  ابعدما بین الخافقین (الترغیب والترھیب جلد 2 صفحہ)

اخیر عشرہ کے اعتکاف کی فضیلت

 ایک روایت کے اندر نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا جو شخص رمضان مبارک کے دس دنوں کا اعتکاف کرے اس کو دو حج وعمرہ کا ثواب عطا کیاجاۓگا: من اعتکف عشرا فی رمضان کان کحجتین و عمرتین (حوالے بالا)

اعتکاف کے مسائل:

مرد حضرات چوں کہ مسجد کے اندر اعتکاف کرتے ہیں اس لئے بہت سارے مسائل کا جاننا ضروری ہوجاتا ہے.
 مثلا: کن ضرورتوں کے لیے مسجد سے باہر نکلناہے کون سی چیزیں اعتکاف کو توڑنے اور فساد میں ڈالنے والی ہیں .

شرعی و طبعی ضرورت کے لیے مسجد سے باہر نکلنا

طبعی ضرورت:

پیشاب' پاخانہ' از الہ
نجاست  'غسل جنابت اور واجب وضوکے لیے مسجد سے باہر جانا درست ہےجب مسجد سے متصل یہ چیزیں نہ ہوں.

وحرم علیہ الخروج الا لحاجہ الانسان طبعیہ کبول و غاٸط وغسل لو احتلم  ولا یمکنہ الاغتسال من المسجد( در مختار جلد 2 صفحہ143 )

اگر گھر سے کھانا لانے والا کوئی نہ ہو تو حسب ضرورت غروب کے بعد کھانا لانے کے لئے جانا بھی طبعی ضرورت میں ہے 

(طہطاوی علی االمراقی صفحہ 384)

شرعی ضرورت :

جمعہ کی نماز کے لیے دوسری مسجد میں جا سکتا ہے.( مراقی صفحہ 383 )

اعتکاف کو توڑنے والی چیزیں :

بلاوجہ مسجد سے باہر نکلنا' جماع کرنا 'بیوی سے دل لگی کے دوران انزال کا ہو جانا 'جان بوجھ کر روزہ توڑ دینا ' پاگل ہو جانا 'مسلسل بیہوش رہ جانا' (تحفہ رمضان صفہ 103 از مفتی سلمان منصورپوری)

اعتکاف کو مکروہ بنانے والی چیزیں :

خاموشی کو عبادت سمجھ کر مسلسل خاموش رہنا 'فضول باتیں کرنا 'غیبت 'چغل خوری' الزام تراشی اورجھوٹ جیسے افعال بد کرنا خریدوفروخت کا سامان مسجد میں لاکر بیچنا .
اللہ تعالی ہم سب کو صحیح معنوں میں اعتکاف کرنے کی توفیق نصیب فرمائے اور اپنی خوشنودی حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بنائے :آمین

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے